اہل البیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق حلب میں سینکڑوں دہشت گردوں کی ہلاکت پر منتج ہونے والی لڑائی دمشق کے نواحی علاقے تک پہنچ گئی ہے اور القاعدہ کی ذیلی تنظیم جبہۃالنصرہ اور ترکی و مغرب کی حمایت یافتہ تنظیم آزاد شامی فوج (فری سیرین آرمی) نے مل کر داعش کے متعدد ٹھکانوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ ان جھڑپوں میں دیرالزور میں احرار الشام نامی دہشت گرد تنظیم کا سرغنہ بھی ہلاک ہوچکا ہے۔ داعش اور دوسری دہشت گرد تنظیموں کے درمیان جنگ پچھلے ہفتے سے جاری ہے اور حلب کے علاقے میں اس جنگ کے دوران برسرپیکار تنظیموں کے 400 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ گذشتہ دن کئی دہشت گرد تکفیری تنظیموں کے مسلح افراد نے داعش کے ہاتھوں اپنے پچاس افراد کی ہلاکت کا بدلہ لینے کی غرض سے اس تکفیری تنظیم کے ایک اہم ٹھکانے پر دھاوا بول کر وہاں موجود تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔ العالم کے نامہ نگار نے کہا کہ یہ جھڑپیں ایک طرف سے فری سیرین آرمی اور جبہۃالنصرہ اور دوسری طرف سے داعش کے درمیان ہورہی ہیں اور اب یہ جھڑپیں دمشق کے نواحی علاقوں "تل رفعت، حریتان، شیخ سعید اور اتارب" تک پہنچ چکی ہیں اور فریقین کے درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ داعش نے ای جھڑپ کے دوران حلب کے نواحی علاقے منطقۃالباب میں فری سیرین آرمی کے ایک چیک پوسٹ کے سامنے ایک کار بم دھماکہ کیا جس میں آٹھ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں حلب اور ریف دمشق کے بعد دیر الزور کے نواحی علاقوں "الشفرا اور الکسرا" میں بھی جھڑپیں شروع ہوچکی ہیں۔ سرکاری افواج کے قریبی ذرائع کے مطابق داعش کے اکثر سرکردہ افراد ترکی کی سرحدوں کی طرف فرار ہوچکے ہیں۔ دریں اثناء شام کی سرکاری افواج ـ جو دہشت گردوں کی باہمی لڑائی پر نظر رکھی ہوئی ہیں ـ نے دیر الزور کے علاقے "الخریطہ" میں القاعدہ کی ذیلی دہشت گرد تنظیم جبہۃالنصرہ کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے متعدد دہشت گردوں کو موت کو گھاٹ اتارا جبکہ دمشق کے مغربی نواح میں داریا کے علاقے میں سرکاری افواج کی کاروائی حضرت سکینہ سلام اللہ علیہا کے حرم کے اطراف میں زوروں سے جاری ہے اور العالم نے حرم سیدہ سکینہ(ع) میں پہنچ کر رپورٹیں بھیجی ہیں۔ سرکاری افواج نے داریا میں کئی بموں کو ناکارہ بنایا ہے اور الدروشہ کے علاقے میں دہشت گردوں پر حملہ کرکے جدید ترین مواصلات آلات، بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود اور دوشکا سے مسلح کئی گاڑیوں کو برآمد کرکے ضبط کرلیا ہے۔ سرکاری افواج نے دوما کے علاقے میں جبہۃالنصرہ، جبہۃالاسلامیہ اور لواء الاسلام نامی دہشت گرد تکفیری گروپوں کے ٹھکانوں کو بھاری توپخانے کا نشانہ بنایا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/٭۔٭
تفصیلی رپورٹس دیکھنے کے لئے رجوع کریں:
شام: حلب میں 400 دہشت گرد ہلاک/ دہشت گردوں کی باہمی لڑائی جاری ہے